کراچی(این این آئی)اقتصادی سروے 2015-16کی دستاویزات کے مطابق حکومت اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات سمیت زیادہ تر اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی، زراعت کے شعبے کی کارکردگی بھی گزشتہ 15 سال میں بدترین رہی ہے۔اقتصادی سروے کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال معاشی شرح نمو 5.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 4.7 فیصد رہی، زراعت کے شعبے کی ترقی کا ہدف تو 3.9 فیصد مقرر کیا گیا لیکن کارکردگی منفی 0.19 فیصد رہی۔ کپاس، چاول اور مکئی سمیت اہم فصلوں کی پیداوار منفی 6.25 فیصد رہی۔ملکی برآمدات 25.5 ارب ڈالر ہدف کے مقابلے میں 22.3 ارب ڈالر رہیں، یہی نہیں تجارتی خسارہ 17 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، سرمایہ کاری بلحاظ جی ڈی پی کا 17.7 فیصد کا ہدف بھی پورا نہیں ہوا، نجی سرمایہ کاری 12.2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 9.8 فیصد رہی۔مالی سال کے پہلے نو ماہ میں مالیاتی خسارہ 1009 ارب روپے رہا، صنعتی شعبہ نے 5.7 اور خدمات کے شعبے نے 5.7 فیصد کی شرح سے نسبتا بہتر کارکردگی دکھائی ۔ مہنگائی میں 4.1 فیصد جبکہ فی کس آمدنی میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا ۔ روزگار کے بھی زیادہ مواقع پیدا نہیں ہو سکے۔