لاہور( این این آئی )عرب ممالک سے پیسہ رُک گیا،نئے اقدام کی تیاریوں پرپاکستانی فکرمند،عرب ممالک سے ترسیلات زر کے حجم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق اپریل 2016 ء میں سعودی عرب سے 48کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں سعودی عرب سے موصول ہونے والی رقم 51کروڑ ڈالر تھی۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات سے اپریل میں ترسیلات زر کا حجم 40کروڑ ڈالر سے گھٹ کر 35کروڑ ڈالر کے قریب آ گیا ہے۔ اس کے علاوہ اب کچھ عرب ممالک ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کرنے کا بھی سوچ رہے ہیں جن سے بیرون ملک پاکستانی کچھ فکر مند نظر آتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے کے لئے حکومت رقم ترسیل کرنے کی لاگت کم کرنے کے لئے مالیاتی ادروں کو پابند کرے۔ اس اقدام سے ہنڈی حوالہ جیسے غیر قانونی رقم ترسیل کرنے کے ذرائع کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی اور ترسیلات زر کے حجم میں بھی اضافہ ہو گا۔