لاہور ( این این آئی)پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز میں ردو بدل کے ساتھ بعض نئے ٹیکس بھی تجویز کئے جانے کا امکان ہے ،جائیداد کی خریدو فروخت اور پلاٹوں کے لین دین پرنئے ٹیکس جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی کیٹیگریز پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمرشل اور رہائشی پلاٹس بھی ٹیکس کی زد میں آ جائیں گے تاہم سرکاری ملازمین ، معذوروں ، بیواؤں کے پلاٹس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے ۔پروفیشنل ٹیکس کی کیٹیگریز پر بھی نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔100سے زائد ملازمین والی کمپنیوں کے پروفیشنل ٹیکس کی شرح میں 30 سے 50فیصد اضافہ تجویز کئے جانے کا امکان ہے ۔ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی شرح میں بھی رد وبدل کا امکان ہے،1300سی سی تک کی گاڑیوں کا لائف ٹوکن ٹیکس 25ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے ۔بجٹ 2016،17میں انفرا اسٹرکچر ٹیکس لگانے کی تجویز بھی دئیے جانے کا امکان ہے ، انفراسٹرکچر ٹیکس برآمد کنندگان سے اعشاریہ 9فیصد کے حساب سے وصول کیا جائے گا ۔نئے بجٹ میں کولڈ سٹوریج اور وئیر ہاؤسز پر سیلز ٹیکس تجویز کئے جانے کا امکان ہے ۔ سینما ہاؤسز پر 16فیصد سیلز ٹیکس لگانے جانے کی بھی تجویز ہے ۔پتھالوجی لیبارٹریز پر بھی 16فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز ہے ۔