الریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ نے ملکی معیشت کے تیل سے ہونے والی آمدن پر بڑی حد تک انحصار کو کم کرنے کی کوشش کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔اس منصوبے کے تحت ملکی معیشت کو متنوع بنانے کی کوشش کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کوکابینہ کی جانب سے جس ویژن 2030 کی منظوری دی گئی ہے اس کے تحت تیل کی سرکاری کمپنی ارامکو کے پانچ فیصد سے کم حصص بھی فروخت کیے جائیں گے۔ٹی وی پر قوم سے خطاب میں ملک کے نائب ولی عہد محمد بن سلمان نے بتایا کہ ارامکو کی قدر ڈھائی ٹریلیئن ڈالر کے لگ بھگ ہے۔محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ارامکو کے حصص کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم دو ٹریلیئن ڈالر کے خودمختار مالیاتی فنڈ کی تشکیل کے لیے استعمال ہوگی۔