دبئی(نیوزڈیسک) دبئی کے ادارہ برائے مواصلات وشاہرات نے بھی سمارٹ کار کا تجربہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سمارٹ کار کا پہلا تجربہ گزشتہ روز کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی حکومت نے ایزی مائل / اومنیکس نامی کمپنی کی تیار کردہ اسمارٹ کار کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔ اسمارٹ کار کی افتتاح تقریب سوموار کو منعقد ہوئی۔ خود کار طریقے سے چلنے والی اسمارٹ کار میں 8 سے 10 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش ہوگی۔ سمارٹ کار کو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ کم فاصلے تک سفرکرنے اور مسافروں کی حفاظت کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا۔ حادثے سے بچنے کیلئے کار میں پیشگی الارم سسٹم، اسمارٹ کنٹرول سسٹم اور لیزر سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ دبئی میں اسمارٹ کار کا افتتاح مشرق وسطیٰ و شمالی افریقا کیلئے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دوسری نمائش کے موقع پر کیا گیا۔ اسمارٹ کے افتتاح کے موقع پر دبئی کی شاہرات ومواصلات اتھارٹی کے عہدیداروں کے علاوہ مواصلات ونقل و حمل کی عالمی فیڈریشن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں 29 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 600 سے زیادہ شہری، 10 وزرا ،39 ممالک کے 102 ترجمانوں نے بھی شرکت کی۔ نمائش کیلئے 6480 مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں 3 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش بھی موجود ہے۔