اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے غریب افراد کو روزگار کی فراہمی کے لئے مائیکرو فنانس سرمایہ کاری کمپنی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ایک کروڑ افراد کو چھوٹے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا جا سکتا ہے۔ملک میں بڑھتی بے روز گاری کے پیش نظر حکومت کی نئی منصوبہ بندی سامنے آئی ہے۔ اس کمپنی کے ذریعے عوام کو آسان قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں 200 ارب روپے کی مائیکرو فنانس سرمایہ کاری کمپنی بنائی جائے گی۔ کمپنی کے ذریعے غریب عوام کو 25 سے 50 ہزار روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مائیکرو فنانس کے لئے جرمنی اور اٹلی سے 6 ارب روپے کا ابتدائی سرمایہ حاصل کیا جائے گا جبکہ کمپنی کو آئندہ پانچ سال میں ایک کروڑ افراد کو چھوٹے قرضے فراہم کرنے کا ہدف دیا جا سکتا ہے۔