کراچی(نیوز ڈیسک) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گیس کی بلا تعطل فراہمی سے اگلے پانچ سال میں مزید ڈیڑھ کروڑ افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔اپٹما نے پنجاب میں بلا تعطل گیس کی فراہمی پر وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔چیئرمین اپٹما پنجاب زون عامر فیاض کا کہنا تھا کہ گیس فراہم نہ ہونے کے باعث پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی۔ موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات کے باعث کئی سال کے بعد پنجاب کی صنعتوں کو ایک بار پھر گیس کی بلا تعطل فراہمی شروع ہو چکی ہے جس سے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز ایک بار پھر خطے کے دیگر ممالک سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔چیئرمین اپٹما کا مزید کہنا تھا کہ اگر گیس کی فراہمی اسی طرح جاری رہی تو آئندہ پانچ سال میں ٹیکسٹائل برآمدات 13 ارب ڈالر سے بڑھ کر 26 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔