کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان سٹیٹ آئل کیلئے آنے والے بحری جہاز کو پٹرول کی کوالٹی ناقص ہونے پر واپس متحدہ عرب امارات بھیج دیا گیاجس سے ملک بھر میں تیل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز میں50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول موجود ہے اور اس کو 2 وجوہات کے باعث کوالٹی چیک میں مسترد کیا گیا ہے ۔ ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی ایس اوکےلئے بحری جہاز میں آنے والا 50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول غیرمعیاری تھا جس کی دوبارہ ٹیسٹنگ کی گئی تاہم پٹرول معیار کی ایک شرط پر پورا نہیں اترا جس کی وجہ سے کمپنی کو واپس کردیا گیا ہے۔ ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول کے 18 دن کے ذخائر موجود ہیں جس سے سپلائی پر فرق نہیں آئے گا،تیل لانے والے بحری جہاز کو واپس متحدہ عرب امارات بھیج دیا گیا ہے جسے واپس آنے میں 10 دن سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اگر دوسری مرتبہ بھی تیل معیار کے مطابق نہ ہوا توکمپنی کو واپس کر دیں گے۔ دوسری طرف نجی ٹی وی سما کا کہنا ہے کہ جہاز کے واپس جانے کی وجہ سے ملک بھر میں پٹرول کی قلت پیدا ہونے کا شدید خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔