اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے فی لیٹر کی منظوری دیدی ہے۔تفصیلات کے مطابق اوگر نے پٹرول کی قیمت میں تین روپے نو پیسے اضافے کی سمری دی تھی۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر ا سحاق ڈار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے اضافہ کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ لائٹ ڈیزل ، مٹی کا تیل اور ہائی آکٹین آئل کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ان میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائیگا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ مٹی کا تیل عام آدمی استعمال کرتے ہیں اور اس کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہاہے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دی ہے وزیر خزانہ نے بتایا کہ مٹی کا تیل ،لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر نے سے دو ارب روپے سے کم رقم حکومت برداشت کریگی۔واضح رہے کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 3تین روپے نو پیسے فی لیٹر ،ایچ او بی سی کی قیمت میں 4روپے 67پیسے فی لیٹر ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5روپے 64پیسے فی لیٹر ، ہائی سپیڈ کی قیمت 71روپے 12پیسے سے بڑھا کر 72روپے 52پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے اضافہ کر نے کی سمری بھجوای گئی تھی۔