کراچی (این این آئی) پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کے حکومتی و انتظامی اقدامات وقفے وقفے سے جاری ہیں ۔ فضائی ادارے کے 15 میں سے8 شعبوں کو مکمل طور ختم کئے جانے کے امکانات ہیں جس کا حتمی اعلان پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور انتظامیہ قومی ادارے کا خسارہ کم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔اسی سلسلے میں قومی ائیر لائن کے 8 شعبوں کو ختم کرکے 15 میں سے صرف 7 شعبے برقرار رکھنے جانے امکان ہے ۔جبکہ چیف لیگل ، چیف انفارمیشن و دیگر اعلی افسران اور ان کے عہدوں کو مکمل طور ختم کرکے اپنے شعبوں کے جنرل منیجرکو شعبے کا سیکشن ہیڈ بنادیا جائے گا۔اسکے علاوہ ختم کئے جانے والے 8 شعبوں کے ملازمین کو برقرار رہنے والے 7 شعبوں میں ضم کردیا جائے گا۔قومی فضائی ادارے میں جن سات شعبوں کو برقرار رکھا جائے گا ان میں انجینئرنگ،کمرشل مارکیٹنگ اور تمام ہینڈلنگ سروسز،فلائٹ آپریشن،ہیومن ریسورس،فنانس و مال برداری کے شعبے شامل ہیں ۔اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ اجلاس میں متوقع ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت قومی ائیر لائن کو320 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے ۔