اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کھاد کے کارخانوں کو گیس کی فراہمی میں بہتری سے رواں سال 2016ءکیلئے یوریا کھاد کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اضافی پیداوار متوقع ہے۔ اینگرو فرٹیلائیزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روحیل محمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال 2016ءکے آغاز پر کھاد سازکارخانوں کے پاس تقریباً 5لاکھ 50ہزار ٹن کا سٹاک موجود تھا جبکہ دوران سال شعبہ کی پیداوار 5.5ملین ٹن تک بڑھنے کی توقع ہے کیونکہ کھاد تیار کرنےوالے کارخانوں کو گیس کی فراہمی میں بہتری سے ان کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کیلئے یوریا کھاد کی ملکی طلب کا اندازہ 5.1تا 5.4ملین ٹن ہے لہٰذا پہلے سٹاک کی موجودگی اور نئی پیداوار کے بعد ملک میں یوریا کھاد کا وافر ذخیرہ دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی سے صنعتی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی۔