کراچی (نیوز ڈیسک)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گرنے کے باوجود اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں کمی نہ آسکی،مہنگائی نے کمی کی آس لگائے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔پیٹرول اور ڈیزل کے دام تو مسلسل گررہے ہیں لیکن کھانے پینے کی اشیائ کی قیمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا۔ تین ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات لگ بھگ تیرہ روپے سستی ہوئیں لیکن دوسری جانب گھی ہو یا تیل، سبزی ہو یا گوشت سب کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔تین ماہ کے عرصے میں دس روپے مہنگی ہوئی پیاز نے جہاں عوام کے آنسو نکالے وہیں چینی کی قیمت میں آٹھ روپے اضافے سے خریداروں کو کڑوے گھونٹ پینے پڑے۔ گھی اور تیل کے دام میں بھی دس روپے اضافے نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ مقامی اسٹاکسٹ ہوں یا ملٹی کمپنیاں،کوئی بھی دام گرانے کو تیار نہیں۔منافع خوری سے عوام کو اسی صورت بچایا جاسکتا ہے،جب حکومت پرائس کنٹرول کے نظام کو بہتر بنا کر بلاجواز قیمتیں بڑھانے والوں پر اپنی گرفت سخت کردے۔