تہران(نیوزڈیسک)ایرانی وزیر برائے تیل اور گیس نامدار زنگینہ نے کہا ہے کہ تہران حکومت پیٹرولیم کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔ ایران کے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو امریکی کمپنیوں کی ایران میں موجودگی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ امریکی حکومت ان کمپنیوں پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کر رہی ہے۔ گزشتہ برس جولائی میں جوہری ڈیل کے نتیجے میں ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد بین الاقوامی کمپنیاں ایران میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔