کراچی(نیوز ڈیسک) خام تیل کی عالمی قیمت میں اتارچڑھاﺅاور غیرملکیوں کے علاوہ میوچل فنڈز سیکٹر کی فروخت بڑھنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوبھی مندی رہی جس سے سرمایہ کاروں کے مزید9 ارب21 کروڑ62 لاکھ42 ہزار748 روپے ڈوب گئے۔کاروبار کے پورے دورانیے میں مختلف شعبوں کی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی جس سے ایک موقع پر402 پوائنٹس تک کی مندی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں کچھ کمپنیوں میں نچلی قیمتوں پر ہونے والی خریداری کے سبب مندی کی شدت میں کمی ہوئی۔مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 113.18 پوائنٹس کی کمی سے30564.50 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس54.54 پوائنٹس گھٹ کر17854.66 ، کے ایم آئی30 انڈیکس 353.80 پوائنٹس کی کمی سے51620.03 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 55.76 پوائنٹس گھٹ کر14281.53 ہوگیا۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 29.65 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ28 لاکھ40 ہزار 640 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار338 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں116 کے بھاﺅ میں اضافہ، 203 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا