لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہورکے علاقے چوہنگ میں نئی گاڑیاں قسطوں پر دینے کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ،پولیس نے میاں بیوی سمیت پانچ ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ لاہور کے تھانہ چوہنگ میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق گروہ کے سر غنہ فخرجاوید کھوکھر نے کار سپورٹ نیٹ ورک کے نام سے دفتر بنا رکھا تھا۔ رانا مجید ،حافظ شاہد ، محمد طیب اور گلشن بھی اس کے معاون تھے۔ پولیس نے فخر جاوید کے سسر شاہد اور قریبی دوست طیب کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ثمینہ گیلانی نامی خاتون نے بیٹی کی شادی کے لیے پیسے دے کر گاڑی بک کرا رکھی تھی ، جس کی شادی 28فروری کو طے ہے۔ شادی کی تاریخ بھی سرغنہ کے کہنے پر رکھی گئی مگر خاتون کو گاڑی نہ مل سکی۔ پولیس نے مزید کہا کہ متعدد متاثرین کی درخواستیں وصول کر کے ایک ہی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ متاثرین کی تعداد مزید بڑھنے پر ضمنیوں میں ان کے بیانات شامل کیے جائیں گے۔