اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گوشت کی برآمدات کا حجم19کروڑ دو لاکھ ڈالر سے بڑھ کر21کروڑ پانچ لاکھ ہوگیا۔ وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد کی ہے جس کے باعث گوشت کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جپسم کی بین الاقوامی برآمدات کا 99 فیصد حصہ بھارت کو برآمد کیا جا رہا ہے۔گزشتہ 3 سالوں کے دوران بھارت کو جپسم کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مالی سال دوہزار تیرہ چودہ کے دوران بھارت کو 55 لاکھ ٹن جپسم برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کا حجم آٹھ کروڑ 87لاکھ50 ہزار ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے رہا ہے جس کے نتیجے میں ملکی برآمدات بڑھی ہیں۔ حکام کہا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران گوشت کی برآمدات کے حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس کا حجم 210 ملین ڈالر سے بڑھ چکا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں مدد ملی ہے۔