اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزارت تجارت نے ملکی برآمدات میں اضافے کے مقصد سے بھارت اور امریکا سمیت دنیا بھر میں نمائشوں کے انعقاد ودیگراقدامات کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے 30ارب روپے سے مانگ لیے۔وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان سے جو بھی پروڈکٹ ایکسپورٹ ہوتی ہے اس پر 0.25فیصد سیس ایکسپورت ڈیولپمنٹ فنڈ کی مد میں وصول کیا جاتا ہے جو وزارت خزانہ کے پاس چلا جاتا ہے، وزات تجارت کو وزارت خزانہ سے یہ فنڈز نکلوانے کے لیے بہت جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔اب وزارت تجارت نے ای ڈی ایف کے فنڈز کو براہ راست اکٹھا کرنے کے اختیارات کا مطالبہ کر دیا ہے اور اب تک وزارت خزانہ کے پاس اکٹھا ہونے والے ای ڈی ایف کے 30ارب روپے کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ان فنڈز کے ذریعے دنیا بھر میں معاشی سرگرمیاں شروع کی جا سکیں۔وزارت تجارت کے حکام کے مطابق ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سے فاٹا میں قبائلی علاقے کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے تربیتی سینٹر قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں کو تکنیکی تربیت دی جائے گی، اس سینٹر کی بدولت چھوٹی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقے میں روزگار بھی بڑھے گا، یہ سینٹر سنگ مرمر کی صنعت کے لیے بھی تکنیکی افرادی قوت تیار کرے گا۔