کراچی(نیوزڈیسک)قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قواعد کے مطابق بیرون ملک اور اندرون ملک پروازوںپر سوار ہونے کےلئے بروقت آئیں تاکہ تمام پروازیں وقت پر روانہ ہو سکیں ۔بیرونی پروازوں کےلئے ایک گھنٹہ اور اندرونی پروازوں کےلئے روانگی سے آدھا گھنٹہ قبل چیک ان کاﺅنٹر بند کر دیئے جائینگے ۔بدھ کوپی آئی اے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مسافروں کے بارے میں دیر سے آنے کی شکایات عام ہیں جس کے باعث پروازوں کی روانگی متاثر ہوتی ہے اس لئے پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ بین الاقوامی ہوابازی قواعد کے مطابق وقت کا خیال رکھیں بیان میں کہاگیا کہ بین الاقوامی پروازوںکےلئے چیک ان کاﺅنٹر روانگی سے ایک گھنٹہ اور بورڈنگ ڈیسک بیس منٹ قبل بند کر دیئے جائینگے ۔اسی طرح اندرون ملک پروازوں کےلئے چیک ان کاﺅنٹر آدھا گھنٹہ قبل اور بورڈنگ ڈیسک پرواز کی روانگی سے پندرہ منٹ قبل بند کر دیئے جائینگے ۔یہ ہدایات تمام محکموں کو بھی جاری کر دی گئی ہیں ۔بیان کے مطابق فضائی کمپنیوں کو لینڈنگ اور ٹیک آف کےلئے اب مختصر ٹائم دیا جاتا ہے اور تاخیر کی صورت میں پروازیں بہت زیادہ تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں ۔