کراچی(نیوزڈیسک)اس ہفتے کے آغاز میں لاہورکی ایک خاتون کے اپنے بیٹے کے پاسپورٹ پر دبئی پہنچ جانے پرپی آئی اے کی انتظامیہ نے اس غفلت کے مرتکب متعلقہ ملازم کو شو کاز نوٹس دے دیا اور اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔اس بے قاعدگی کا پتہ چلنے پر خاتون کو متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام کی جانب سے بے دخل کردیا گیا، اور پی آئی اے پر پانچ ہزار درہم کا جرمانہ عائد کردیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے اس معاملے کو ایف آئی اے کے سامنے بھی اٹھایاکیونکہ متعلقہ مسافر کو امیگریشن حکام نے اسی پاسپورٹ پر سفر کی اجازت دے دی تھی۔یہ واقعہ قومی ائر لائن کے ساتھ ساتھ ملک کے لئے بھی شرمندگی کا باعث ہے، لہٰذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی کی جائے گی اس کے علاوہ جرمانے کی رقم بھی ان ہی سے وصول کی جائے گی۔