اسلام آباد (نیوزڈیسک)گزشتہ ہفتے کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک سو چار روپے اسی پیسے کا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے کاروباری ہفتے کے دوران روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ماہرین نے روپے کی قدر میں کمی کو بیرونی ادائیگیوں کا نتیجہ قرار دیا جس کی وجہ سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر پچاس پیسے اضافے کے بعد ایک سو چار روپے تیس پیسے سے بڑھ کر ایک سو چار روپے اسی پیسے پر بند ہوا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب اور رسد میں توازن اور سٹے بازوں کے مارکیٹ سے نکل جانے کی وجہ سے روپے نے ایک سو چھ روپے کی سطح سے تجاوز نہ کیا اور ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر محض دس پیسے اضافے کے بعد ایک سو چھ روپے پینتیس پیسے پر بند ہوا۔کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت میں بہتری کو سراہتے ہوئے 49 کروڑ 81 لاکھ ڈالرزکی نئی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے انچاس کروڑ اکیاسی لاکھ ڈالر کی رقم پیر کو پاکستان منتقل ہونے کا امکان ہے جس سے روپے کی قدر میں مزید استحکام آئے گا۔