اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ اسٹریٹجک شراکت دارچاہتی ہے۔ایک بیان میں اسحاق ڈارنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پی آئی اے جیسے ادارے کو اپنے پیروں پرکھڑا دیکھنا چاہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد قومی ایئرلائن کے حالات میں بہتری آئی ہے۔وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں بلکہ اسٹریٹجک شراکت دارچاہتی ہے جو 26فیصد حصص کا شراکت دار ہوگا، شراکت دارکے انتخاب میں شفافیت لازمی ہوگی اورادارے کے کسی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران کسی ملازم کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جائے گا ، اس حوالہ سے وزیراعظم محمد نواز شریف نے خاص طور پر ہدایت دی ہے کہ کوئی ملازم فارغ نہیں ہونا چاہئے اور ہم ان کی ہدایات پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں بہتری آرہی ہے اس کے طیاروں کی تعداد 36تک پہنچ چکی ہے اور آئندہ چند روز میں یہ تعداد 40تک پہنچ جائے گی۔