کراچی (نیوزڈیسک ) پاکستانی روپے کی قلابازی،ڈالر جمع کرنیوالے سر پکڑ کر بیٹھ گئے،اقتصادی ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں ڈالر تیزی کے ساتھ نیچے آئے گا۔ایکسپورٹرز کی جانب سے ڈالر تڑوانے کا عمل تیز ہوجانے کے باعث روپے کی قدر کو سہارا ملنے لگا۔ انٹر بینک میں امریکی کرنسی لگ بھگ 70 پیسے سستی ہوگئی۔ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 105 روپے سے بھی نیچے آگیا اور یہ 104 روپے 75 پیسے کی سطح پر دیکھا گیا ، اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 107 روپے 20 پیسے سے گھٹ کر عوام کے لیے 106 روپے 75 پیسے کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں ڈالر کو روپے پر حاوی ہوتا دیکھ کر حکومت اور اسٹیٹ بینک نے ڈالر کی مصنوعی طلب پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائے تھے۔ یک طرف اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کو پابند کیا تھا کہ وہ ڈالر کی ٹریڈنگ میں سٹے بازی کی حوصلہ شکنی کریں تو دوسری جانب حکومت نے ایف بی آر کو ہدایت کی تھی کہ امپورٹرز سے کسٹم کلیئرنس کے وقت شپمنٹ کی ادائیگی کے دستاویزات طلب کیے جائیں۔ ایکسچنیج کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قیمت اب بھی تقریبا 2 روپے ہے اور حکومتی اقدامات سے اس فرق کو 1 روپے تک محدود کرنے میں مدد ملے گی۔