اسلام آباد(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ¾پچپن ٹیکس چوروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں گے، دسمبر تک پچیس ہزار سے زائد ٹیکس نادہندگان کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے پانچ کروڑ روپے سے زائد پر ٹیکس ادا نہ کرنے والے پچپن افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان ڈیفالٹرز کے نام کی فہرست وزارت داخلہ کو بھی ارسال کی جائے گی جس کے بعد ان افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوگی۔ اس ضمن میں ایف بی آر نے اپنے تمام ریجنل ٹیکس آفیسرز کو اقدامات تیز کرنے کی ہدیات کی ہے، ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے رواں سال دسمبر تک پچیس ہزار سے زائد ٹیکس نادہندگان کو بلیک لسٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ان افراد کو نوٹسز بھی بھیجے جائیں گے۔