تہران (نیوزڈیسک)ایران نے پاکستان تک بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کو چین تک توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ایران کی نیشنل ایرانی گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر حامد رضا اراکی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ گیس پائپ لائن پاکستان تک بچھنے کے بعد جب چالو ہوگی تو اس کے بعد ہم اسے چین تک توسیع دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کےلئے تیاریاں جاری ہیں انہوںنے کہاکہ چین تک گیس پائپ لائن کو اس وقت توسیع دی جائیگی جب ہماری گیس کی پیداوار یومیہ ایک ارب مکعب میٹر تک پہنچ جائیگی ۔واضح رہے کہ امریکہ اور دیگر ممالک کی پابندیوں کی وجہ سے ایران پاکستان گیس پائپ منصوبے میں پیشرفت نہیں ہوسکی اس ضمن میں دونوں ممالک نے 2009ءمیں سمجھوتہ کیا تھا اور پروگرام کے مطابق 31دسمبر 2014کو اس گیس پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی شروع ہونا تھی ایران پاکستان تک 900کلو میٹر رقبے پر پائپ گیس لائن بچھا چکا ہے اوروہ پاکستان میں سات سو کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھانے جانے کا منتظر ہے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق بھارت نے بھی اس گیس پائپ لائن میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔