کراچی(نیوزڈیسک)کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر،جہاں کاروبار چلتا ہے تو ملک کی معیشت کا پہیہ چلتا ہے،ورلڈ بینک نے بھی مان لیا،کراچی کی تجارتی سرگرمیوں کو تمام شہروں سے آگے قرار دے دیا۔ بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم،چھینا جھپٹی،لوٹ مار،کراچی میں سارے جرائم سب اپنی جگہ پر،لیکن کاروبار بھی سب سے اوپر۔ نہ اسلام آباد،نہ لاہور،نہ پشاور نہ کوئٹہ،بلکہ ڈو بزنس ان کراچی، یہ ہم نہیں کہتے بلکہ ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس کے نام سے جاری ہونے والی رپورٹ بولتی ہے۔عالمی بینک کی ڈسٹنس ٹو فرنٹیئر انڈیکس کے مطابق دو ہزار سولہ کے معاشی اعشاریوں میں کراچی کے سو میں سے باون اعشاریہ صفر چار پوائنٹس ہیں،جو دو ہزار پندرہ میں اکاون اعشاریہ نو سات پوائنٹس تھے، یعنی ماحول پہلے سے بہتر ہواہے،لوگ سرمایہ لگاتے ہیں اور منافع کا پھل کھاتے ہیں،یہی نہیں کراچی اب بھی ملک کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے،جہاں پورے ملک سے لوگ اپنے سپنے پورے کرنے کا خواب لے کر آتے ہیں۔