اسلام آباد(نیوزڈیسک)ہنگری کے سفیر کی ”نوازحکومت“کی تعریفیں،زبردست پیش رفت سے آگاہ کردیا-موجودہ حکومت کے دور میں ہنگری کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان اور ہنگری کے مابین 2014ءمیں دو طرفہ تجارت کا حجم 43 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے . ہنگری کی تیل و گیس کی کمپنی مول گزشتہ 16 سالوں سے پاکستان میں تو انائی کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ہنگری کے سفیر استوان سازابو نے جمعرات کو دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات 50 سالوں پر محیط ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین تعلیمی، سائنسی، ثقافتی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔ ہنگری کی حکومت نے پاکستانی طلباءو طالبات کیلئے 80 سکالرشپس دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم اور سائنٹیفک کواپریشن کے حوالے سے جلد ایک معاہدہ طے پا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری دوست ملک پاکستان کیساتھ اقتصادی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کیلئے کوشاں ہے۔