کراچی(نیوز ڈیسک )امریکی ڈالر کی قیمت انٹر بینک مارکیٹ میں 106 روپے سے تجاوز کر گئی۔انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں گزشتہ روز کے مقابلے 85 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر 106.10 روپے کا ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق 2 دن میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کے اضافے سے روپے کے مقابلے میں ڈالر رواں برس کی بلند ترین سطح پر آ گیا ہے۔گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت 105.5 روپے سے شروع ہوکر 105.25 روپے پر بند ہوئی تھی۔کرنسی ڈیلرز ڈالر کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے رہے ہیں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور ایکسپورٹرز کا دباو¿ بھی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے.واضح رہے کہ 3 ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 2.3 فیصد کمی آچکی ہے۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق ایکسپورٹرز نے برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت سے مختلف مطالبات کیے تھے جس میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ بھی شامل تھا۔ڈیلرز کے مطابق اگست کے مہینے میں ڈالر کی قدر کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا گیا تھا اور اسے104 روپے 50 پیسے سے زیادہ ہونے نہیں دیا گیا تھا، تاہم اس بار ڈالر کی قدر تیزی سے بڑھی ہے تا کہ وہ کسی بلند سطح تک جا سکے۔