اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اور کوریا نے دفاعی پیداوار کے شعبہ میں باہمی مفید تعاون کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہا رکرتے ہوئے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایک دوسرے کی مدد کے ساتھ صلاحیتوں میں اضافہ پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ان خیالات کا اظہار سیول ایڈیکس 2015ءکی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے دفاعی پروگرام ایڈمنسٹریشن کا بھی دورہ کیا اور ڈی جی ڈیفنس انڈسٹری پروموشن اوہاون جن کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایک دوسرے کی استعداد کار میں مزید اضافے پر اتفاق کیا۔ رانا تنویر حسین نے کوریا کے وزیر برائے قومی دفاع ہان منکو کے ساتھ بھی ملاقات کی اور دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا اور ان کے ساتھ پاکستان میں تیار ہونے والے جے ایف 17 طیارے کے متعلق بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین اسلحہ اور بھاری مشینری تیار کر رہا ہے جو جدید اور کم لاگت کی حامل ہیں۔ پاکستان کو ان کامیابیوں پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے پر خواہش کا اظہار کیا اور دفاعی پیداوار کے شعبہ میں ٹیکنالوجی کی شراکت پر زور دیا ہے۔