نیویارک(نیوزڈیسک) یومیہ آمدنی کے تناسب سے سب سے زیادہ مہنگا پیٹرول بھارت میں ملتا ہے جب کہ اس حوالے سے پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔بلوم برگ کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق ایک عام پاکستانی کی یومیہ اوسط آمدنی تین ڈالر اڑسٹھ سینٹ یا صرف تین سو بیاسی روپے ہےجب کہ ایک گیلن پیٹرول کی قیمت دو اعشاریہ آٹھ نو ڈالر یا تین سو روپے جو عام پاکستانی کی یومیہ آمدنی کا اٹھتر فیصد ہے۔تاہم شائنگ انڈیا کا دعوی کرنے والے بھارت کا حال اور بھی برا ہے، جہاں ایک عام شہری اپنی آمدنی کا اسی فیصد خرچ کرنے کے بعد ایک ہی ایک گیلن پیٹرول خرید سکتا ہے۔یوں یومیہ آمدنی کے تناسب سے سب سے زیادہ مہنگا تیل اس وقت بھارت میں ملتا ہے جب کہ پاکستان کا نمبر دوسرا، فلپائن کا تیسرا اور انڈونیشیا کا نمبر چوتھا ہے، جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت سی این جی پر گاڑی چلانے کو ترجیح دیتی ہے۔ یوں اسی فیصد یا تقریبا اٹھائیس لاکھ گاڑیاں سی این جی پر چلتی ہیں، جو دنیا بھر سب سے زیادہ ہے، آنے والے دنوں میں ایک عام پاکستانی کی آمدنی بڑھنے کا امکان تو کم ہے مگر تیل کی قیمت بڑھنے کا خدشہ برقرار ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایک گیلن پیٹرول کی قیمت ایک عام پاکستانی کی اوسط آمدنی سے بھی بڑھ سکتی ہے۔