اسلام آباد (نیوزڈیسک) جمہوریہ کوریا کے سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے بتایا ہے کہ ان کے ملک نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کا عمل تیز کردیا ہے اور دونوں ملک جلد ہی معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند اور با صلاحیت لیبر ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اس کی مدد سے پاکستان بھی ترقی کر سکتا ہے۔ اپنے ملک کی نیشنل فائونڈیشن ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوریائی سفیر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت، گورنر پنجاب ملک رفیق راجوانہ اور تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر اس موقع پر موجود تھے۔ کوریائی سفیر نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے لے کر اب تک تقریباً 140 ممالک نے آزادی حاصل کی ہے، ان تمام ممالک میں سے کوریا وہ پہلا ملک تھا جس نے سب سے پہلے 2010ء میں خود کو امداد لینے والے ملک سے تبدیل کرکے امداد دینے والا ملک بنایا۔ 1960ء میں فی کس آمدنی 80 ڈالر سے بھی کم تھی، اب یہ بڑھ کر 28 ہزار ڈالر ہو چکی ہے۔ کوریا کا تجارتی حجم 2011ء سے بڑھ کر ایک کھرب ڈالرز تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند اور با صلاحیت لیبر ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اس کی مدد سے پاکستان بھی ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں منزل کے حصول میں اپنے تجربات اور وسائل سے مدد فراہم کر سکتا ہے۔ مہمانوں نے کوریائی سفیر کے خیالات کو سراہا اور انہیں پاکستان کا حقیقی دوست قرار دیا۔ –