اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایف بی آر کی موجودہ ٹیم کی رخصتی کی خبریں قیاس آرائی سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں رکھتیں چھوٹے تاجروں کے اٹھارہ نکاتی مطالبات کے ایجنڈے پر کمیٹیوں کی قانون کے مطابق تشکیل ہوگی ان خصوصی کمیٹیوں میں تاجروں کے 6 نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹیوں کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن 48 گھنٹوں میں جاری ہوگا ۔جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق چھوٹے تاجروں پر فکسڈ ٹیکس ہوگا مذکورہ کمیٹیوں کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں اٹھارہ تاجر مطالبات کے بارے میں پیکج تیار کرکے اس کا 16 نومبر تک اعلان ہوگا اس کیلئے ای سی سی (کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی) کی منظوری سے سالانہ آمدن ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ضرورت پڑنے پر 31 اکتوبر سے ایک ماہ کیلئے بڑھا دی جائے گی، 16نومبر کے پیکج سے تاجروں کی وہ مشکلات دور ہوجائیں گی جو نان فائیلر سے فائیلر بننے پر چھوٹے تاجروں کو درپیش ہونے کا خدشہ ہے۔