کراچی(نیوزڈیسک) مالی سال دوہزار چودہ پندرہ میں کراچی اسٹاک مارکیٹ کے ہنڈریڈ انڈیکس میں سولہ فیصد کے اضافے کے ساتھ بہتر پر فارم کرنے والی دوسری ایشیائی اسٹاک مارکیٹ رہی۔مالی سال دو ہزار چودہ پندرہ کے اختتام پر کراچی اسٹاک مارکیٹ کا سالانہ منافع ستتر فیصد اضافے کے ساتھ اکتیس کروڑ چوہتر لاکھ روپے رہا، کراچی اسٹاک مارکیٹ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سالانہ منافع میں مزید اضافہ ہوسکتا تھا مگر ریگیولیٹری فیس اور رجسٹریشن کی مد میں دو کروڑ اسی لاکھ روپے ادا کرنا پڑے۔نئی کمپنیوں کے انداراج سے ہونے والی آمدنی کا حجم آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ پچیس کروڑ پچاس لاکھ روپے رہا، مالی سال دوہزار چودہ پندرہ میں نو کمپنیوں کے حصص اولین عوامی فروخت کیلئے پیش کئے گیے، جن سے گیارہ ارب روپے حاصل ہوئے۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ڈیلی ٹریڈنگ والیوم گیارہ ارب روپے رہا، گزشتہ مالی سال میں کراچی اسٹاک مارکیٹ نے شیئر ہولڈز کو سینتیس پیسے فی شیئر کے حساب سے کیش ڈیویڈنڈ دیا۔