ریاض (نیوزڈیسک) سعودی عرب نے تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے بعد مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لئے بین الاقوامی سٹاک مارکیٹوں سے اربوں ڈالر واپس نکال لئے جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں پر شدید ترین اثرات مرتب ہونے کے خدشات ہیں۔امریکی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو مالیاتی خسارے کے باوجود یمن جنگ پر بے تحاشا اخراجات کرنا پڑ رہے ہیں جس کا اثر سعودی معیشت پر بھی پڑ رہا ہے۔ سعودی سنٹرل بینک نے بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی روکنے کے لئے بانڈز کے اجراءپر توجہ دینا شروع کر دی ۔ذرائع نے بتایا کہ یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقا کی مارکیٹوں سے زیادہ سرمایہ واپس لیا گیا. دیگر خلیجی ممالک بھی عالمی مارکیٹ میں موجود سرمائے کو زیادہ محفوظ سرمایہ کاری کےلئے واپس لے رہے ہیں صورتحال میں ایک نیا بحران جنم لینے کے خدشات ہیں۔