اسلام آباد (نیوزڈیسک)ایران اورپاکستان کامنصوبہ چین گوادر میںمکمل کرے گا،پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان منصوبے کے طور پر گوادر سے نواب شاہ تک گیس پائپ لائن کی تعمیر اگلے چھ ماہ میں شروع ہو جائےگی جو دسمبر2017 ءمیں مکمل ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین کی ایک معروف کمپنی 700 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پابندیاں بدستور موجود ہیں اور سرمایہ کار پریشان ہیں کہ اگر پابندیاں ختم بھی ہوگئیں تو بعض قانونی مسائل کی وجہ سے دوبارہ پابندیاں لگنے کا امکان ہے تاہم اس کے باوجود ہم اس پر کام کررہے ہیں۔ایسا کوئی اہم مسئلہ نہیں ہے اور ہم پائپ لائن پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پابندیاں ختم ہوں گی پائپ لائن کے ایران تا گوادر حصے پر کام شروع کر دیا جائےگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سمیت مختلف ملکوں سے ایل این جی اور قدرتی گیس کی درآمد کیلئے کام کررہے ہیں۔