کابل / اسلام آباد (نیوزڈیسک) ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت تک گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے یہ فیصلہ افغان حکام کے ترکمانستان کے دورے میں کیا گیا ۔ افغانستان کے وزیر خزانہ اقلیل حکیمی ، وزیر معدنیات داﺅد صباح ، وزیر زراعت اسد اللہ ضمیر اور وزیر معیشت عبدالستار مراد نے ترکمانستان کا دورہ کیا جس میں مقامی حکام سے گیس پائپ لائن منصوبے پر تفصیلی بات چیت کی گئی ، افغان حکام کے مطابق یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور اس میں بہت سے اہم امور طے کئے گئے ہیں جس کے بعد توقع ہے کہ منصوبے پر دسمبر میں کام شروع ہو جائیگا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت 12 پمپ سٹیشن لگائے جائینگے جن میں سے پانچ افغانستان میں ہونگے اور اس منصوبے پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ افغان حکام کے مطابق افغانستان نے ترکمانستان سے ایل پی جی اور تیل کی درآمد پر بھی بات چیت کی ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق نومبر میں ترکمانستان میں افغانستان اور بھارت کے حکام کا مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائیگی ۔ اقتصادی ماہرین خطے کی حالت بدلنے کے حوالے سے اس منصوبے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور انہوں نے دسمبر سے اس پر کام شروع ہونے کا خیر مقدم کیاہے۔