کراچی (نیوز ڈیسک ) عیدالضحیٰ کے قریب آتے ہی شہرمیں چھری چاقو بنانے اور دھار لگانے والوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ عید قرباں کے نزدیک آتے ہی چھری چاقو بنانے والوں کے کام میں جہاں تیزی آئی ہے وہیں ان کی قیمتوں میں بھی 10 فیصد تک کا اضافہ ہوگیا۔ چھریوں کے نرخ بھی ان کے دھار کی طرح تیز ہیں اور یہ 100 روپے سے لیکر 1500 روپے تک مختلف مارکیٹوں میں دستیاب ہیں ، جبکہ ان کی دھار لگانے کے نرخ 40 سے 100 روپے تک ہیں۔ چھری چاقو بنانے والوں کا کہنا ہے کہ عام دنوں کی نسبت بکراعید پر ان کا کام دگنا ہوجاتا ہے۔ چھری اور چاقو بنانے والے کارخانہ مالکان کہتے ہیں کہ بجلی کی بندش کے باعث جنریٹرز کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے سبب ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ طلب میں اضافہ کے سبب ان اشیاءکی مقامی سطح پر تیاری کے علاوہ چین سے بھی درآمد کی جاتی ہیں۔