کراچی(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مرتضیٰ جتوئی نے گزشتہ روز پاکستان اسٹیل کے بلاسٹ فرنس میں حادثے کے نتیجے میں جانی نقصان کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں پاکستان اسٹیل کو گیس کی بندش کے بعد درپیش صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کے بلاسٹ فرنس میں پیش آنے والے حادثے کی ذمے داری سوئی سدرن گیس کمپنی پر عائد کی جارہی ہے، انتظامیہ نے پلانٹ کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلیے مربوط کوششوں کے فقدان پر پردہ ڈالنے کے لیے گیس پریشر میں کمی کو حادثے کی وجوہ قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی نے اس صورتحال میں مستقبل میں حادثات روکنے اور مسئلے کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل، سوئی سدرن گیس کمپنی اور متعلقہ ادارے شرکت کریں گے۔