اسلام آباد (نیوزڈیسک) پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری نے اپنے اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید کو بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا ہے، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاو¿س میں منعقد ہوا جہاں سینیٹر مشاہد کا نام بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میر حاصل خان برنجو نے تجویز کیا جسکی تائیدصوبہ سندھ کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کرنے والے میر اعجاز جاکھرانی اور غوث بخش مہرنے کی،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پندرہ ممبران پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے انتخابات میں مقابلے میں کسی اور امیدوار نے انتخابات میں حصہ نہ لیکر سینیٹر مشاہد حسین کی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ منتخب ہونے کے بعد سینیٹر مشاہد حسین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کا ان پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر پوری قوم کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر متفق ہونا ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے مثبت پیش رفت ہے، سینیٹر مشاہد کے مطابق اقتصادی راہداری جیسا طویل مدتی قومی منصوبہ پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے ہر پاکستانی کو معاشی تحفظ اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے، نومنتخب چیئرمین سینیٹر مشاہد نے توقع ظاہر کی کہ آئیندہ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری پر دونوں دوست ممالک کے مابین تعاون میں مزید تیزی لائی جاسکے۔