اسلام آباد(نیوزڈیسک)بجلی کا بحران حل کرنے کیلئے حکومت کا انوکھافیصلہ،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ کے قواعد و ضوابط کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت گھریلو اور صنعتی صارفین شمسی توانائی سے بجلی بنا کر خود استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ طے شدہ ریٹ پر مقامی بجلی کمپنی کو زائد بجلی فروخت بھی کر سکتے ہیں،اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ نیپرا نے طویل انتظارکے بعدفوٹو وولٹیک پلانٹس کے قیام کے حوالے سے صارفین کی حوصلہ افزائی کےلئے نیٹ میٹرنگ کے قواعد و ضوابط کی بالآخرمنظوری دے دی ہے ۔نیٹ میٹرنگ ترقی یافتہ ممالک میں ایک مقبول رجحان ہے کیونکہ یہ روزہ مرہ کے گھریلو اور صنعتی آپریشنز کوبجلی فراہم کرنے کیلئے شمسی توانائی کوبروئے کارلاتی ہے ۔نیٹ میٹرنگ ریورس پیمائش کے تصور کو لاگوکرتا ہے جو صارفین کو طے شدہ ٹیرف کی شرح پر زائدبجلی کوگرڈ کو فروخت کرنے کی اجازت دیتا ہے اور اس کی بنیاد پر صارفین استعمال شدہ بجلی کا فکس بل ادا کرتے ہیں۔