اسلام آباد(نیوزڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کے لوڈشیڈنگ اور مہنگی بجلی کے ستائے ہوئے گھریلو صارفین کو شمسی بجلی تقسیم کار کمپنی کو فروخت کرنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا نے گھریلو صارفین کو شمسی بجلی فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد یورپئین طرز پر گھریلو صارفین شمسی بجلی تقسیم کار کمپنی کو فروخت کرنے کے مجاز ہوگئے ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیٹ میٹرنگ سسٹم نافذ کردیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو صارفین دن کے اوقات میں شمسی بجلی تقسیم کار کمپنی کو فروخت کرسکیں گے۔جبکہ رات کے اوقات میں گھریلو صارفین واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی بجلی استعمال کرسکیں گے۔نیپرا کے نوٹس کے مطابق ایک ماہ میں اگر صارف نے زیادہ بجلی فروخت کی تو تقسیم کار کمپنی اسے ادائیگی کرے گی اور اگر صارف نے واپڈا کی بجلی زیادہ استعمال کی تو اس کے بل میں فروخت کردہ بجلی کا ریلیف شامل کردیا جائے گا۔نیپرا کے مطابق تقسیم کار کمپنی ایسے صارفین کو ایک ماہ کے اندر نیا جدید میٹر لگا کردینے کی بھی پابند ہوگی۔اس اقدام سے صارفین کی اوور بلنگ کی شکایت ختم ہونے اور ملک میں لوڈشیڈنگ کا مسئلے کے حل کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں