لاہور (نیوزڈیسک)آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب ٹیکس میں اضافے کیخلاف ملک بھر میں ترسیل روکے جانے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ،جس کے بعد عوام نے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا انتظار کئے بغیر ہی معمول کے برعکس گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں فلنگ کرانا شروع کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مشترکہ آئل ٹینکرز اینڈ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنزنے حکومت کی طرف سے مختلف مدوں میں ٹیکسز میں اضافے کے خلاف گزشتہ روز ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل روک کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ ہڑتال کی خبر میڈیا میں آنے کے بعد عوام میں بے چینی کی لہر دوڑ ہو گئی جس کے باعث یکم اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا انتظار کئے بغیر ہی معمول کے برعکس گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ٹینکیاں فل کرائی جارہی ہیں ۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کے اکثر پیٹرول پمپس پر شہریوں کی طرف سے قطاریں لگی ہوئی نظر آئیں۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت بحرانی صورتحال اختیار کرگئی تھی جس کے باعث دو ہفتے تک پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت معمول پر نہیں آسکی تھی ۔