لاہور( نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف رییو نیو نے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ ہر اتوار کواپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ود ہولڈنگ سے استثنیٰ کیلئے گوشوارے داخل کرانے والوں کے نام شامل کیے جائینگے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بینکنگ ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے استثنیٰ کو یقینی بنانے کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے والوں کے نام ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں ہر اتوار کی رات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں یہ لسٹ ہر ماہ کی پندرہ تاریخ کو اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا، تاہم اب ٹیکس گزاروں کے اعتماد میں اضافہ کیلئے لسٹ کو ہر اتوار کی رات بارہ بجے اپ ڈیٹ کیاجائے گی۔اس ضمن میں ایف بی آر نے ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے ایف بی آر کے چھ اگست کو جاری نوٹیفکیشن میں ترمیم کی گئی ہے جس کے بعد نوٹیفکیشن ہر ماہ کی پندرہ تاریخ کے بجائے ہر اتوار کی رات بارہ بجے لسٹ اپ ڈیٹ کرنے کاکہاگیاہے۔ جن افراد کے نام انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے کے بعد لسٹ میں آجائیں گے ان کو یکم اکتوبر دوہزار پندرہ کے بعد بینکنگ ٹرانزیکشنز پرود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ مل جائے گی اور جو گوشوارے داخل نہیں کروائیں گے۔ ان کی بینکنگ اور دیگر کاروباری ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی دو گنا شرح لاگو ہوجائے گی۔