اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارتی کسٹم حکام کی جانب سے روڑے اٹکانے کے بعد پڑوسی ملک کو کی جانے والی سیمنٹ کی ایکسپورٹ جولائی میں 32 فیصد گر گئی۔افغانستان میں ایرانی سیمنٹ بھی ایکسپورٹرز کو ٹف ٹائم دے رہا ہے۔ گزشتہ ماہ بھارت کو صرف 43 ہزار ٹن ہی سیمنٹ برآمد ہوسکا ، مینوفیکچرر کے مطابق بھارتی کسٹم حکام کی جانب سے بے جا پابندیوں کے باعث ایکسپورٹ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ادھر افغانستا ن میں بھی ایرانی سیمنٹ اپنی جگہ پکی کرتا جارہا ہے اور جس کی وجہ سے جولائی 2015 میں یہاں 1 لاکھ 78 ہزار ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ ہوسکا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے 6 ہزار ٹن کم ہے۔سیمنٹ بنانے والی کمپنیوں کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے مختلف ٹیکسز کے نفاذ سے سیمنٹ کے صارفین پر بوجھ پڑ رہا ہے اور اس سے انڈسٹری پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے زائد نرخوں کے باعث پیداواری لاگت بھی بڑھ رہی ہے۔