کراچی (آن لائن)حکومت کی جانب سے سبسڈی نہ ملی توآئندہ ماہ اسٹورز پر چینی صارفین کو58روپے کی بجائے 64روپے فی کلوملے گی۔بازار میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعدیوٹیلٹی اسٹورز پر بھی فی کلو چینی6 روپے مہنگی ہوجانے کا خدشہ ہے۔ یوٹیلٹی ا سٹورز حکام کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے چینی کی ایکس مل قیمتوں میں بتدریج اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اس وقت اسٹورز پر چینی58روپے کلو پر دستیاب ہے اور حکومت کی جانب سے اگر سبسڈی نہ ملی آئندہ ماہ سے صار فین کو 64روپے فی کلو میں چینی فروخت کیے جانے کا امکان ہے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق رواں سیزن ملک میں50 لاکھ ٹن سے زائد چینی تیار کی گئی۔ طلب سے زائد رسد ہونے کے باوجود مارچ سے اب تک فی کلو چینی 10 روپے سے زائد مہنگی ہوچکی ہے۔ عام بازاروں میں چینی 65 سے 67 روپے کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے۔ اس کے برعکس بین الاقوامی منڈی میں چینی کی قیمت6 سال کی کم ترین سطح پر دیکھی جا رہی ہے