لاس انجلس(نیوز ڈیسک)اسپیشل اولمپکس میں عظمیٰ یوسف، سمبل یوسف اور سلمان صدیقی نے3 گولڈ میڈل اپنے نام کرلیے ہیں۔ اس طرح پاکستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد13 اور مجموعی تمغوں کی تعداد29 ہوگئی ہے۔ پاکستان نے 8سلور اور 8برانز میڈل بھی جیتے ہیں۔ لاس انجلس میں جاری اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی کارکردگی بہت نمایاں ہے، 2کلومیٹر ٹائم ٹرائل سائیکلنگ میں سلمان صدیقی نے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ سلمان صدیقی اس سے قبل 500میٹر سائیکلنگ میں کانسی کا تمغا بھی جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ عظمیٰ یوسف اور سمبل یوسف نے 2کلومیٹر ٹائم ٹرائل سائیکلنگ ڈویڑن میں 2گولڈ میڈل اپنے نام کرلیے۔ عظمیی یوسف کا اسپیشل اولمپکس میں یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ اس سے پہلے عظمی1 کلومیٹر ٹائم ٹرائل سائکلنگ میں بھی گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 100میٹر ریس میں پاکستان کے نادر حسین نے چاندی کا تمغا جیتا ہے، جبکہ خواتین کی 100میٹر دوڑ میں سائرہ اکرام نے چاندی کا تمغہ جیتا اور امینہ ارشاد نے بھی لانگ جمپ میں چاندی کے 2میڈل جیت لیے۔ فٹبال مقابلوں میں بھی پاکستان نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اسپیشل اولمپکس ٹینس سنگلز، لیول4 میں پاکستان کے احسن انور نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔