پشاور(نیوزڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران خیبر پختونخوا کے علیم جان گروپ اور شرافت علی گروپ نے سہ فریقی اتحاد کی کال پر 10 جون کو ہونے والی شٹر ڈاون ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور سہ فریقی اتحاد کے صدر میاں افتخار حسین کی سربراہی میں جمیعت علماءاسلام پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان ، سابقہ سینیٹر حاجی غلام علی خان اور اے این پی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری سرتاج خان نے علیم جان اور شرافت علی گروپس سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر دونوں گروپس کے سربراہوں نے اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے سہ فریقی اتحاد کی شٹر ڈاو ن ہڑتال کی حمایت کا متفقہ طور پر اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر دونوں گروپو ں سے ملک مہر الہٰی ، محمد شوکت ، مجیب الرحمان ، کفایت اللہ درانی ، شوکت اللہ ہمدرد اور میاں محمد اختر بھی موجود تھے۔اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور سہ فریقی اتحاد کے صدر میاں افتخار حسین نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور اُن کی شرکت اور حمایت کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے صوبہ پختونخوا کی تمام پارٹی تنظیموں اور ساتھیوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی سطح پر تاجر برادری سے رابطہ کریں اور اُن کو 10 جون کو سہ فریقی اتحاد کے زیر اہتمام شٹر ڈاو ن ہڑتال میں شرکت کی دعوت دے۔