لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے غیر معیاری بیج اور ملاوٹ شدہ کھاد بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ کھاد مافیا کے خلاف صوبائی اور وفاقی جوائنٹ ایکشن ٹیم بنائی جائے گی۔وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے مارکیٹ میں غیر معیاری بیج کی موجودگی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کریک ڈاو¿ن شروع کیا جائے۔ کسانوں کی شکایات کے بعد وزیر زراعت نے محکمہ کے افسروں کا اجلاس طلب کیا۔انہوں نے کہا کہ کپاس اور چاول کی بوائی کا سیزن شروع ہونے والا ہے۔ ایسے موقع پر غیر معیاری بیج کی مارکیٹ میں موجودگی اور فروخت کسانوں کے استحصال کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی صورت کسانوں کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔ قانون پر عملدرآمد کے لیے ہر خوف سے آزاد ہو کر کارروائی کی جائے۔