اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) میں دیانتداری اور ذمہ داری کے اعلی معیار قائم رکھنے کے لئے پالیسی بورڈ نے ضابطہ کار کی منطوری دی ہے اور ایس ای سی پی کے بورڈ ممبرز، چیئرمین ، کمشنرز اور تمام ملازمین کو اس پر عمل درآمد کا پابند کیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی کے ایک ترجمان کے مطابق یہ کوڈ آف کنڈکٹ جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہے ایس ای سی پی کے ملازمین کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں رہنمائی کرے گا اورایک ایسادفتری ماحول فراہم کرے گا ، جس میں ملازمین کسی بھی قسم کے اثر ورسوخ اور دباو¿ سے مبراءہو کر مکمل غیر جانبداری سے کام کر سکیں۔یہ ضابطہ کارکمیشن کے ملازمین کو پابند کرتا ہے کہ وہ ہر قسم کی معلومات ’جو کہ کمیشن کا ملازم ہونے کی وجہ سے ان کے علم میںآ ئیں‘ کو صیغہ راز میں رکھیں گے۔ ایس ای سی پی کے افسران کمیشن کے اند ر ہونے والے کسی ایسے فیصلہ کے عمل میں شامل نہیں ہوں گے جس کے نتیجے میں کسی بھی طرح ان کے ذاتی مفادات کو پورے ہوں۔ کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد تمام ملازمین کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔