اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چینی حکومت توانائی‘ دفاع اور سٹریٹجک شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں 45 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ عام آدمی کے فائدے کے لئے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط ‘ گہری اور سدابہار دوستی ہے انہوں نے چینی صدر زی جن پنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کو بڑی اہمیت کا حامل قرار دیا جس کے دوران مختلف منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت توانائی‘ دفاع اور سٹریٹجک شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں 45 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ چین کی جانب سے یہ بڑی سرمایہ کاری ہوگی جس میں تمام انفراسٹرکچر اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈل‘ کوئلہ‘ سولر‘ ونڈ اور ایٹمی بجلی کی پیداوار میں چینی سرمایہ کاری ملک کی مستقبل کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کی ضمانت ہے۔