واشنگٹن (نیوز ڈیسک) عالمی بینک نے نئے ترقیاتی بینکوں بالخصوص چین کی طرف سے مجوزہ ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔ عالمی بینک کے صدر جم یانگ کم نے گذشتہ روز عالمی بینک اورعالمی مالیاتی فنڈکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس طرح کے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان بینکوں کے تجربات سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بینکوں کے قیام سے بنیادی ڈھانچے ، توانائی اور پانی کے متعلق مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ اس وقت دنیا میں انفراسٹرکچر، سڑکوں کی تعمیر، پلوں، ریلویز، ایئرپورٹس اور توانائی کے منصوبوں کےلئے سالانہ ایک سے لے کر اڑھائی کھرب ڈالر کی ضرورت ہے اور اس طرح کے اداروں کے قیام سے اس شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوگی۔